ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / لوک سبھا انتخابات کے ساتویں مرحلے میں59 فیصد ووٹنگ ؛ چھ ہفتے طویل چلنے والی پولنگ کا آج ہوااختتام؛ 4 جون کو ہوگی ووٹوں کی گنتی

لوک سبھا انتخابات کے ساتویں مرحلے میں59 فیصد ووٹنگ ؛ چھ ہفتے طویل چلنے والی پولنگ کا آج ہوااختتام؛ 4 جون کو ہوگی ووٹوں کی گنتی

Sun, 02 Jun 2024 01:02:50    S.O. News Service

نئی دہلی یکم جون (ایس او نیوز) لوک سبھا انتخاب 2024 کے ساتویں اور آخری مرحلے کی ووٹنگ آج اختتام پذیر ہو گئی اور این ڈی ٹی وی کی  رپورٹ کے مطابق ساتویں مرحلے میں 59.5  فیصد  پولنگ ریکارڈ کی گئی۔

 آخری مرحلے میں 8 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام خطوں کی 57 لوک سبھا سیٹوں پر ووٹ ڈالے گئے۔ اس کے ساتھ ہی اس مرحلہ میں انتخابی میدان میں اترے سبھی 904 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ ای وی ایم میں بند ہو گیا ۔ آج ووٹنگ کا عمل ختم ہوتے ہی گزشتہ تقریباً ڈھائی ماہ سے جاری انتخابی سرگرمیاں بھی ختم ہو گئیں۔ اب سبھی کو 4 جون کا انتظار ہے جب ووٹوں کی گنتی ہوگی۔

آج ہوئی آخری مرحلے کی ووٹنگ میں  وزیر اعظم نریندر مودی کی قسمت کا فیصلہ بھی  ووٹنگ مشین میں بند ہوگیا۔۔ ان کے علاوہ کئی مرکزی وزراء اور  اپوزیشن کے بڑے لیڈران  کی بھی  قسمت کا فیصلہ بھی 4 جون کو  سامنے آئے گا۔ آج لوک سبھا کی 57 سیٹوں کے علاوہ اڈیشہ اسمبلی کی 42 سیٹوں کے لیے بھی ووٹنگ ہوئی اور اس کا بھی نتیجہ 4 جون کو ہی برآمد ہوگا۔

بہرحال، ساتویں مرحلہ میں مختلف ریاستوں میں مجموعی طور پر 1.09 لاکھ پولنگ مراکز پر ووٹ ڈالے گئے۔ جن 57 لوک سبھا سیٹوں پر ووٹنگ ہوئی، وہاں 10 کروڑ سے زیادہ ووٹرس تھے جن میں مرد ووٹرس کی تعداد 5.24 کروڑ اور خاتون ووٹرس کی تعداد 4.82 کروڑ تھی۔ علاوہ ازیں ان لوک سبھا سیٹوں پر تیسری جنس کے ووٹرس کی تعداد 3574 بتائی گئی ہے۔

ساتویں مرحلہ میں وزیر اعظم مودی وارانسی لوک سبھا سیٹ سے بی جے پی امیدوار تھے اور ہماچل کی منڈی لوک سبھا سیٹ سے اداکارہ کنگنا راناوت کو پارٹی نے امیدوار بنایا تھا۔ مغربی بنگال میں ممتا بنرجی کے بھتیجے و ٹی ایم سی جنرل سکریٹری ابھشیک بنرجی کی قسمت کا فیصلہ بھی ساتویں مرحلے میں ہی ووٹرس نے کر دیا ہے۔ پنجاب میں کانگریس امیدوار و سابق وزیر اعلیٰ چرنجیت سنگھ چنّی میدان میں ہیں، اس ریاست میں سبھی 13 لوک سبھا سیٹوں پر آخری مرحلہ میں ہی ووٹ ڈالے گئے ہیں۔ بہار میں بھوجپوری اداکار پون سنگھ، وزیر توانائی آر کے سنگھ، پنکج چودھری، یوپی کے مرزاپور سے انوپریا پٹیل، چندولی سے مہندرناتھ پانڈے و ہماچل پردیش میں حمیرپور سے انوراگ ٹھاکر بھی ساتویں مرحلہ میں ہی انتخابی میدان میں تھے، اب 4 جون کو ہی اس بات کاپتہ چلے گا کہ ووٹروں نے کن کن کے حق میں ووٹنگ کی ہے۔

این ڈی ٹی وی نے ساتویں مرحلے کے انتخابات کے تعلق سے ایک چارٹ اپنے نیوز پورٹل پر پوسٹ کیا ہے، چارٹ کے ذریعے دیکھا جاسکتا ہے کہ کس ریاست میں کتنی پولنگ ہوئی ہے۔این ڈی ٹی وی کے شکرئے کے ساتھ چارٹ کو  ذیل میں پیش  کیا جارہا ہے:


Share: